آن لائن گیمنگ کے لیے مزدوروں کے بینک کھاتوں کا غلط استعمال، 12 افراد گرفتار

تاثیر 24 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امراوتی، 24 جون :ضلع کے مزدوروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں سرکاری اسکیموں کا لالچ دے کر ان کے بینک کھاتوں کو آن لائن گیمنگ کے لیے استعمال کرنے والے سائبر گینگ کا امراوتی دیہی پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔ اس معاملے میں 12 افراد کو گوا سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 10 لاکھ 85 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان بینک کھاتوں کے ذریعے اب تک 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کی مالی لین دین کی جا چکی ہے۔ یہ معلومات پولیس سپرنٹنڈنٹ نیکیتن قدم نے دی ہیں۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ مزدوروں سے ان کی پاس بْک، اے ٹی ایم کارڈ اور بینک کھاتوں سے منسلک سم کارڈ حاصل کر کے انہیں معمولی معاوضہ دیا جاتا تھا اور بعد ازاں ان کے کھاتوں کو سائبر دھوکہ دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ ان شکایات کی بنیاد پر شیرکھیڈ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔