جین برادری کے وفد کی راج ٹھاکرے سے ملاقات، غیر مشروط معافی طلب

تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 26 جون : مہاراشٹر نو نرمان سینا (منسے) کے صدر راج ٹھاکرے سے جمعہ کی صبح جین برادری کے ایک وفد نے ملاقات کی اور جین اور مراٹھی برادری کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر غیر مشروط معافی طلب کی۔ راج ٹھاکرے نے جین برادری سے اپیل کی کہ وہ مذہبی امور پر توجہ دے اور بلاوجہ سیاسی بیانات دینے سے گریز کرے۔

چند روز قبل ممبئی کے ملاڈ علاقے میں ایک متنازع واقعہ پیش آیا تھا، جس میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے پر جین برادری کا پرچم لگایا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد شیواجی مہاراج کے حامیوں میں شدید ناراضی پائی گئی۔ اسی پس منظر میں ملاڈ سے جین برادری کے عہدیداروں اور ایک نمائندہ وفد نے آج دادر میں واقع راج ٹھاکرے کی رہائش گاہ “شیوتیرتھ” پر ان سے ملاقات کی اور اس واقعے کے سلسلے میں جین برادری کی جانب سے تحریری معافی نامہ پیش کیا۔