تاثیر 27 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 27 جون:مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کا سندرجا آم اب عالمی مارکیٹوں کی شان بن گیا ہے۔ مرکزی وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت زرعی اور ڈبہ بند غذائی مصنوعات برآمداتی ترقیاتی اتھارٹی (اپیڈا) کے تعاون سے جی آئی ٹیگ والا ریوا سندرجا آم مدھیہ پردیش سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پہلی تجارتی برآمد کے طور پر پہنچ گیا ہے۔ عالمی مارکیٹوں میں ہندوستان کی مخصوص زرعی مصنوعات کو فروغ دینے میں یہ ایک اہم کامیابی ہے۔ کسان فلاح و بہبود کے سال کے پیشِ نظر یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔
رابطہ عامہ افسر اوینیش سومکنور نے ہفتہ کو بتایا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اپیڈا نے مدھیہ پردیش حکومت کے محکمۂ باغبانی، برآمد کنندگان، کسان پیداواری تنظیموں (ایف پی او)، پیکنگ ہاوس آپریٹرز اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ مل کر آم کی اس بہترین قسم کی برآمد کے لیے رابطہ قائم کرنے کا کام کیا ہے۔ ان مربوط کوششوں کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات میں ایک خریدار کی شناخت ہوئی جس سے مشہور ریوا سندرجا آم کی بین الاقوامی مارکیٹنگ کی راہ کھلی۔
انہوں نے بتایا کہ جی آئی ٹیگ والے ریوا سندرجا آموں کی پہلی تجارتی برآمداتی کھیپ میں ایک میٹرک ٹن آم شامل تھے اور یہ 26 جون 2026 کو میسرز سالٹ رینج فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے متحدہ عرب امارات کو برآمد کی گئی۔ یہ تاریخی کھیپ ریوا سندرجا آم کے بین الاقوامی سفر کے آغاز کی علامت ہے اور آنے والے وقت میں باقاعدہ برآمدات کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔

