شیراز گولڈن ریسٹورنٹ کا انوکھا اعلان، فاتح کو عمر بھر مفت مٹن بریانی

تاثیر 30 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 30/ جون (محمد نعیم) کولکاتا کے معروف شیراز گولڈن ریسٹورنٹ نے اپنی 85ویں سالگرہ کے موقع پر شہر کے پہلے بریانی کھانے کے مقابلے “دی بریانی مین 2026″ کا اعلان کیا ہے۔ اس منفرد مقابلے کا انعقاد آنے والی بنگالی فلم “ ایکن: کیرالہ ای کروکشیترا” کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
مقابلے کا فائنل 25 جولائی کو ہوٹل سیامٹن اِن شیراز، کولکاتا میں ہوگا، جہاں منتخب 25 امیدوار 45 منٹ میں زیادہ سے زیادہ بریانی کھانے کی کوشش کریں گے۔ فاتح کو “دی بریانی مین 2026” کا تاج پہنانے کے ساتھ شیراز کے تمام آؤٹ لیٹس پر زندگی بھر ہفتے میں ایک بار مفت مٹن بریانی حاصل کرنے کا خصوصی کارڈ دیا جائے گا۔
مقابلے کے لیے رجسٹریشن یکم جولائی سے 21 جولائی تک شیراز کی تمام شاخوں، کیو آر کوڈ اور آن لائن فارم کے ذریعے کی جا سکے گی، جبکہ 25 فائنلسٹ کا انتخاب 22 جولائی کو لائیو قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔
شیراز کے شراکت دار اشتیاق احمد، اختر حسنین اور ڈاکٹر راغب حسنین نے بتایا کہ مقابلے میں صرف 18 سے 60 سال کے صحت مند بھارتی شہری حصہ لے سکیں گے۔ شرکاء کی حفاظت کے لیے موقع پر ڈاکٹر، ایمبولینس، فرسٹ ایڈ اور طبی عملہ موجود رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منفرد پروگرام کا مقصد کولکاتا کی بریانی سے محبت اور شہر کی ثقافتی و فلمی روایت کو ایک ساتھ منانا ہے۔