فیول ریٹیلر’ نیارا انرجی‘ کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،یکم جولائی: ملک میں پرائیویٹ سیکٹر کی سب سے بڑی فیول ریٹیلر، ’نیارا انرجی‘ نے آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرکے اپنے صارفین کو مانسون کا تحفہ دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ یہ کمی آج سے ملک بھر میں نیارا انرجی کے 7000 سے زائد پیٹرول پمپس پر نافذ کردی گئی ہے۔ تاہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اصل کمی ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) اور مختلف ریاستوں میں لگائے جانے والے مقامی ٹیکسوں کی وجہ سے مختلف ہو سکتی ہے۔
نیاراانرجی نے مبینہ طور پر بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اب مغربی ایشیا میں جنگ شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ مغربی ایشیا میں جنگ کے بعد خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی لیکن اب اس کی قیمت گر کر 70 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد ہندوستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔