پاکستان میں بس کھائی میں گری،کم ازکم 40 مسافروں کی موت

تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد،03جولائی:پاکستان کے بلوچستان صوبہ کے خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر کے مقام پر جمعے کو مسافر وں سے بھری بس گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 40 افراد کی موت ہوگئی،جب کہ 08 افراد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔کوئٹہ میں ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق یہ حادثہ جمعے کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آیا اور حادثے کا شکار ہونے والی بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے حادثے میں 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آٹھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے۔ان کے مطابق بظاہر بس میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے تاہم متعلقہ افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔