تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع ویشالی میں 80 سال یا اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگ شہریوں کے لیے “غذائی اجناس آپ کے گھر تک” مہم کا آغاز
حاجی پور / ویشالی (شرافت خان ): ضلع ویشالی میں 80 سال یا اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگ شہریوں کی سہولت اور عزتِ نفس کو یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک اہم عوامی فلاحی اقدام کے تحت “غذائی اجناس آپ کے گھر تک” خدمت کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے حاجی پور بلاک کے اسمائل پور پنچایت سے اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی موقع پر ضلع مجسٹریٹ خود مستحق بزرگوں کے گھروں تک پہنچیں اور انہیں سرکاری راشن فراہم کر کے اس خدمت کا آغاز کیا۔ اب اہل بزرگ شہریوں کو ہر ہفتہ مقررہ مقدار میں راشن براہِ راست ان کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا، جس سے انہیں راشن کی دکانوں تک جانے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ اقدام بزرگ شہریوں کے وقار، سہولت اور سماجی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای۔پوس (e-POS) تصدیق، شفاف نظام اور سخت نگرانی کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر مستحق فرد کو بروقت راشن فراہم ہو۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق اس مہم کا مقصد بزرگ شہریوں کو باعزت انداز میں سرکاری سہولتوں کا فائدہ ان کے گھر تک پہنچانا اور عوام دوست و حساس طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔

