تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
امپھال، 4 جولائی: منی پور میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں کئی سرگرم شدت پسندوں اور منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران ہتھیار، گولہ بارود، بڑی مقدار میں نقدی اور مشتبہ براؤن شوگر بھی برآمد کی گئی ہے۔
منی پور پولیس نے ہفتے کے روز سرکاری طور پر بتایا کہ جمعہ کے روز سکیورٹی فورسز نے تھوبل ضلع کے لانگاتھیل کھونگجوم روڈ علاقے سے کے سی پی (پی ڈبلیو جی) کے سرگرم رکن کنگابام ڈینی سنگھ عرف بونی (40) کو گرفتار کیا۔ اسی دن آر پی ایف/پی ایل اے کے دو سرگرم ارکان کو بھی ان کے گھروں سے پکڑا گیا۔ ان میں تنظیم کا ایک مبینہ وصولی کرنے والا اور امپھال ویسٹ کا مالی سیکریٹری شامل ہے۔ ان کے قبضے سے دو پستول، دو بندوقیں اور بڑی تعداد میں زندہ کارتوس برآمد کیے گئے۔

