تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 6 جولائی: مہاراشٹر میں مانسون کی شدت میں اضافے کے درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ممبئی اور ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے لیے بارش کے انتباہ کو اورنج الرٹ سے بڑھا کر ریڈ الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران گریٹر ممبئی میں انتہائی موسلا دھار بارش کے ساتھ 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے جاری کردہ ہدایت نامے میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور شدید بارش کے دوران سفر سے حتی الامکان گریز کریں۔ شہریوں کو درختوں، خستہ حال عمارتوں، بڑے اشتہاری بورڈز، بجلی کے کھمبوں، زیر آب علاقوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث ان کے گرنے یا حادثات پیش آنے کا خدشہ ہے۔

