تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 8 جولائی:مہاراشٹر میں ممبئی سمیت کئی اضلاع میں بدھ کی صبح سے جاری موسلا دھار بارش نے ایک بار پھر معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ متعدد علاقوں میں عوام کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شدید بارش کے باعث وسئی اور ویرار کے درمیان ریلوے پٹریوں پر پانی جمع ہو جانے سے مغربی ریلوے کی مضافاتی لوکل ٹرین خدمات تقریباً آدھے گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاست کے مختلف حصوں میں مسلسل بارش کے باعث ناسک میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جبکہ رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں کئی ندیاں خطرے کے نشان کے قریب یا اس سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

