ہوپ ویل ہاسپٹل میں دو پیچیدہ آپریشن کامیاب

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رانچی(): راجدھانی رانچی کے کربلا چوک واقع ہوپ ویل ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو انتہائی پیچیدہ اور نازک نوعیت کی آپریشن کامیابی کے ساتھ انجام دے کر طب کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں ایک 70 سالہ خاتون کے پیٹ سے تقریباً 14 کلوگرام وزنی (ٹیومر) نکالی گئی، جبکہ دوسری خاتون کی سرجری کر ان کی جان بچائی گئی۔ جمعرات کو منعقدہ پریس کانفرنس میں ہاسپٹل کے ڈائریکٹر اور جی آئی سرجن ڈاکٹر شہباز عالم اور ماہر امراضِ نسواں ڈاکٹر نہا علی نے بتایا کہ پہلی مریضہ انتہائی نازک حالت میں ہاسپٹل لائی گئی تھیں۔ انہیں سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی تھی اور حالت تشویشناک تھی۔ آدھی رات تقریباً 12 بجے ایمرجنسی میں فوری آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ان کے پیٹ سے تقریباً 14 کلوگرام ٹیومر کامیابی کے ساتھ نکالی گئی۔ بروقت سرجری کے باعث مریضہ کی جان بچ گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری مریضہ کا 15 دن قبل بوکارو میں سیزیرین آپریشن ہوا تھا، لیکن اس کے بعد ان کا پیٹ مسلسل پھولنے لگا اور حالت بگڑتی گئی۔ مقامی ڈاکٹروں نے جواب دے دیا، جس کے بعد اہل خانہ انہیں ہوپ ویل ہاسپٹل لے آئے۔ یہاں دوبارہ آپریشن کیا گیا، جس میں مریضہ کے پیٹ سے تقریباً دو لیٹر خون اور پیپ نکالی گئی، جبکہ شدید انفیکشن کے باعث بچہ دانی خراب ہو چکی تھی، جسے بھی آپریشن کے ذریعے ٹھیک کیا گیا۔ مریضہ چند روز آئی سی یو میں زیر علاج رہنے کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر گھر واپس جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر شہباز عالم اور ڈاکٹر نیہا علی نے کہا کہ اگر دونوں مریضہ کا بروقت آپریشن نہ کیا جاتا تو ان کی جان بچانا مشکل ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں موٹاپا، ہارمونز کا عدم توازن، بے قاعدہ غذا، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور غیر صحت مند طرزِ زندگی کی وجہ سے اووری، رحم اور پیٹ سے متعلق سنگین بیماریوں کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر نہا علی نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ متوازن غذا استعمال کریں، باقاعدگی سے ورزش کریں، وزن کو قابو میں رکھیں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی علامت کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوراً ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج سے پیچیدہ ترین امراض کا بھی کامیاب علاج ممکن ہے۔ پریس کانفرنس میں اینستھیزیا اسپیشلسٹ ڈاکٹر مکند کمار، ہاسپٹل کے منیجر غفران احمد، دیگر معالجین، دونوں مریضات کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ مریضات اور ان کے اہل خانہ نے کامیاب علاج پر ہوپ ویل ہاسپٹل کی پوری طبی ٹیم اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔