تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حاجی پور/ ویشالی (شرافت خان): ویشالی پولیس سپرنٹنڈنٹ شبھانک مشرا نے اتوار کی شام شہر کے مختلف علاقوں میں پیدل گشت کرتے ہوئے پولیس کی گشتی اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف مقامات پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہر وقت چوکس اور مستعد رہنے، مؤثر گشت کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ معائنہ کے دوران پولیس سپرنٹنڈنٹ شہر کے مختلف سنار تاجروں کے تجارتی اداروں پر بھی پہنچے، جہاں انہوں نے تاجروں سے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی اور ان کے سکیورٹی سے متعلق مسائل، خدشات اور تجاویز کو غور سے سنا۔ ایس پی نے سنار تاجروں کو اپنے اداروں میں ضروری حفاظتی انتظامات مضبوط بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مشتبہ شخص یا سرگرمی پر نظر پڑے تو فوراً قریبی تھانے، ڈائل-112 یا پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس پوری طرح سرگرم ہے اور شہر میں مسلسل گشت، نگرانی اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

