ویتنام کشتی حادثہ: دو مرنے والوں کی لاشیں چنئی لائی گئیں، ایم ایل اے ونود کنن نے خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 14 جولائی:ویتنام میں ایک کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے تمل ناڈو کے دو افراد کی لاشوں کو منگل کی صبح چنئی ہوائی اڈے پر لایا گیا۔ ویلور سے تملگا ویتری کزگم (ٹی وی کے )کے ا یم ایل اے ونود کنن نے ترووناملائی کے رہنے والے روی شنکر اور ویلور کے رہنے والے ونے کمار کی لاشوں پر گلہائے عقیدت نذر کئے اور سوگوار خاندانوں کو تسلی دی۔
ایک موبائل فون کمپنی نے ویتنام میں اپنے ڈسٹریبیوٹرز کے لیے سیاحت اور کاروباری سفر کا اہتمام کیا تھا۔ شرکا کو کشتی کے ذریعے ایک جزیرے تک لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 15 ہندوستانی ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں تمل ناڈو کے 10، آندھرا پردیش کے تین اور کیرالہ کے دو افراد شامل ہیں۔
حادثے کے بعد ویتنام میں ہندوستانی سفارت خانے نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر لاشوں کو ہندوستان واپس لانے کے عمل کو تیز کردیا۔ تمل ناڈو حکومت نے بھی اپنے شہریوں کی لاشوں کی وطن واپسی کو تیز کرنے کے لیے خصوصی کوششیں شروع کیں۔ اس سلسلے میں ہفتہ کی رات سیلم رینج کے ڈی آئی جی سنتوش ہڈیمنی کو پورے عمل کی نگرانی کے لیے ویتنام روانہ کیا گیا۔