بانکی پور ضمنی انتخاب سے پہلے جن سوراج کو دھچکا، کئی سابق اسمبلی امیدوار بی جے پی میں شامل

تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 15 جولائی:پرشانت کشور کی پارٹی جن سوراج کو بانکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب سے پہلے بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے۔ بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں جن سوراج کے کئی رہنما اور کارکن بی جے پی میں شامل ہوئے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے تمام قائدین کا شال پہنا کر خیرمقدم کیا اور تنظیم میں فعال کردار کی خواہش کی۔رکنیت سازی تقریب میں بی جے پی کے کئی سینئر لیڈر اور عہدیدار بشمول حکمراں پارٹی کے چیف وہپ اور دیگھا کے ایم ایل اے سنجیو چورسیہ موجود تھے۔
بی جے پی میں شامل ہونے والوں میں دیگھا اسمبلی سیٹ سے سابق جن سوراج امیدوار، کمہرار اسمبلی سیٹ کے سابق امیدوار بٹو سنگھ، منیر اسمبلی سیٹ کے سابق امیدوار پروفیسر ڈاکٹر کے سی سنہا، گوپال سنگھ اور پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی سابق میئر امیدوار ونیتا سنگھ سمیت کئی دیگر لیڈران اور کارکنان شامل تھے۔