تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جیند، 17 جولائی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ہریانہ کے جیند ریلوے اسٹیشن سے ملک کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیند، سونی پت اور ہریانہ کا نام اب بھارتی ریلوے کی تاریخ میں اسی طرح درج ہوگا، جیسے پہلی ریل گاڑی کی وجہ سے ممبئی اور تھانے کا نام درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی یہ ہائیڈروجن ٹرین دنیا کی سب سے طاقتور اور سب سے لمبی ہائیڈروجن سے چلنے والی مسافر ٹرینوں میں سے ایک ہے اور یہ ’میک ان انڈیا‘ مہم کی کامیاب مثال ہے۔
جیند کے ایکلویہ اسٹیڈیم میں تقریباً 14,700 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ 19ویں صدی کی پہچان بھاپ کے انجن، 20ویں صدی کی پہچان ڈیزل اور بجلی سے چلنے والی ٹرینیں رہیں، جب کہ 21ویں صدی کی پہچان ہائیڈرجن ٹرین بننے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال دنیا کے صرف تین یا چار ممالک کے پاس ہائیڈروجن ٹرین چلانے کی صلاحیت ہے اور ہندوستان اب اس منتخب گروپ میں شامل ہو گیا ہے۔

