تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سلی گوڑی، 18 جولائی: بھارت کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے نقط? نظر سے انتہائی اہم سمجھے جانے والے سلی گوڑی کوریڈور (چکن نیک) کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مرکزی حکومت اور مغربی بنگال حکومت نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے ہفتہ کے روز پھول باڑی اور سلی گوڑی کے اترکنیا سیکریٹریٹ میں منعقد اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے دوران بھارت-بنگلہ دیش سرحد کی سیکیورٹی، سرحدی انتظامات، جدید نگرانی کے نظام اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سرحدی سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو کئی ضروری ہدایات جاری کیں۔
جمعہ کی دیر رات بگڈوگرا ہوائی اڈے پہنچنے کے بعد وزیر داخلہ ہفتہ کی صبح سب سے پہلے جلپائی گوڑی ضلع کے راج گنج تھانہ علاقے میں بھارت-بنگلہ دیش سرحد سے متصل حساس گاؤں جمعاگچھ پہنچے۔ وہاں انہوں نے سرحد کی زمینی صورتحال، بی ایس ایف کی تعیناتی، سیکیورٹی ڈھانچے اور مقامی حالات کا جائزہ لیا۔ افسران نے انہیں مون سون کے دوران دریائی علاقوں میں پیش آنے والی مشکلات، دراندازی اور اسمگلنگ کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

