تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 22 جولائی: ہماچل پردیش میں فعال مانسون کی وجہ سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ دارالحکومت شملہ سمیت کئی علاقوں میں منگل کی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف حصوں میں 28 جولائی تک موسلادھار بارش کی وارننگ دی ہے۔اس دوران کئی مقامات پر تیز بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ راحت کی بات ہے کہ فی الحال ریڈ الرٹ کی کوئی وارننگ نہیں ہے۔ تاہم، آج، بدھ کے لیے، کانگڑا اور منڈی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جب کہ چمبہ، کلّو، شملہ، سولن اور سرمور اضلاع میںا یلو الرٹ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شملہ ضلع کے مشوبرا میں سب سے زیادہ 117.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بلاس پور کے نینا دیوی میں 106.4 ملی میٹر، اونا کے ننگل ڈیم میں 90 ملی میٹر، بلاس پور کے برہمنی میں 77 ملی میٹر، شملہ کے کفری میں 74.2 ملی میٹر، شملہ شہر میں 66.5 ملی میٹر اور بلاسپور کے کاہو میں 57 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اگلے چھ دنوں تک کئی مقامات پر تیز بارش کاسلسلہ جاری رہ سکتاہے۔
ریاست بھر میں مسلسل بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ گرنے کی وجہ سے 150 کے قریب سڑکیں بند ہیں اور بحالی کا کام جاری ہے۔ بہت سے علاقوں میں ٹریفک میں خلل پڑا ہے اور لوگوں کو صرف اس وقت سفر کرنے کی تاکید کی گئی ہے جب بالکل ضروری ہو۔

