تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
امیٹھی، 25 جولائی :۔امیٹھی ضلع کے تحت جگدیش پور علاقے میں واقع سندوروا ریلوے اسٹیشن کے پاس ہفتے کی صبح انڈوراما فرٹیلائزر یونٹ کی سائیڈنگ پر کھاد لادنے جا رہی ایک مال گاڑی کے سات ویگن پٹری سے اتر گئے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً پانچ بجے سندوروا اسٹیشن سے تقریباً 300 میٹر دور پوائنٹ نمبر-80 پر پیش آیا۔ غنیمت یہ رہی کہ مین ریلوے لائن محفوظ رہی، جس سے بڑا ریل حادثہ ٹل گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی لکھنو ڈویڑن کے اے ڈی آر ایم، جی آر پی، آر پی ایف نیز ریلوے کے انجینئرنگ اور آپریشنل شعبوں کے تقریباً 100 افسران اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریلوے ٹیم نے محفوظ ویگنوں کو ہٹا کر ٹریک کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کر دیا، جبکہ پٹری سے اترے ہوئے سات ویگن اور گارڈ کا ڈبہ موقع پر ہی رہے۔ حادثے کے باعث ریلوے کراسنگ تقریباً چار گھنٹے تک بند رہی، جس سے شکل بازار، مہونا، اونچ گاوں اور جگدیش پور علاقے کی تقریباً 40 ہزار آبادی متاثر ہوئی۔ صنعتی علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں، ملازمین، کسانوں، اسکول و کالج کے طلبہ اور مقامی لوگوں کو کئی کلومیٹر کا اضافی چکر لگا کر اپنی منزل تک پہنچنا پڑا۔ کئی طلبہ بھی تاخیر سے اسکول پہنچے۔

