نتیش کمار نے بانکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب کے تعلق سے پارٹی لیڈروں سے تفصیلی رائے لی

تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 26 جولائی:سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کے روز پارٹی کے سینئرلیڈروں کے ساتھ ان کی رہائش گاہ 7 سرکلر روڈ، پٹنہ میں ایک اہم میٹنگ کی اور انتخابی سرگرمیوں، تنظیمی تیاریوں اورعوامی رابطہ مہم کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران نتیش کمار نے تمام لیڈروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی، بانکی پوراسمبلی حلقہ میں جاری انتخابی مہم، تنظیمی سرگرمی، مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ پروگرام، ووٹروں کے رجحانات، اورمقامی حمایت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے ملنے والی تجاویز کو بھی غورسے سنا اورانتخابی مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے ضروری رہنمائی کی۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے حمایت یافتہ امیدوار نیرج کمار سنہا کے لیے انتخابی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے نتیش کمار نے تمام لیڈروں پر زور دیا کہ وہ بوتھ سطح پر تنظیم کو مزید فعال کریں، کارکنوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں، اور حکومت کی عوامی بہبود کی اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کو مو?ثرطریقے سے عام عوام تک پہنچائییں۔ میٹنگ میں موجود لیڈروں نے نتیش کمار کے ساتھ جاری انتخابی مہم، تعلقات عامہ کی کوششوں اور مختلف سماجی گروپوں سے ملنے والی مثبت حمایت کے بارے میں تفصیلی معلومات شیئر کیں۔ تمام قائدین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ این ڈی اے امیدوار نیرج کمار سنہا کوبانکی پور اسمبلی حلقہ کے عوام کی طرف سے بڑے پیمانے پر حمایت مل رہی ہے اور وہ ریکارڈ فرق سے الیکشن جیتیں گے۔