تاثیر 27 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) دربھنگہ مظفرپور این ایچ-27 پر سمری تھانہ حلقہ کے کنسی کالی مندر چوک کے قریب پیر کی شام ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوعمر نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار دوسرا نوجوان معمولی زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد مشتعل لوگوں نے این ایچ-27 کی دونوں لین۔ کو آدھے گھنٹے تک جام کر دیا، جس کے باعث تقریباً آدھے گھنٹے تک آمد و رفت متاثر رہی۔ متوفی کی شناخت مظفرپور ضلع کے گائے گھاٹ بلاک کے کمرتھو گاؤں کے رہنے والے دھرمیندر منڈل کے 17 سالہ بیٹے ارجن کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی سمری تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا۔ واقعہ کی اطلاع پر صدر ایس ڈی پی او-2 کمتول ایس کے سمن کی قیادت میں سنگھواڑہ، مبّی تھانہ اور کیو آر ٹی کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس حکام نے مشتعل لوگوں سے بات چیت کر کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد سڑک کا جام ختم کرایا، جس کے بعد این ایچ-27 پر ٹریفک دوبارہ معمول پر آ گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ارجن کمار اپنے گاؤں کے امرجیت یادو کے ساتھ موٹر سائیکل پر جلوار کی طرف جا رہا تھا۔ اسی دوران مظفرپور سے دربھنگہ کی جانب جا رہے ایک تیز رفتار ٹرک نے کنسی کالی مندر چوک کے قریب موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ارجن کمار کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ امرجیت یادو معمولی زخمی ہوا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا، لیکن مبّی پولیس کے تعاون سے ٹرک کو پکڑ لیا گیا۔ ٹرک کے ڈرائیور و مالک کی شناخت ریاست اتر پردیش کے مرادآباد ضلع کے میناتھیر تھانہ حلقہ کے اسالت نگر کے رہنے والے اقرار حسین کے بیٹے فرید عالم کے طور پر ہوئی ہے۔اہل خانہ کے مطابق ارجن کمار اپنے نانا سندیشور منڈل کے یہاں، سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کی نگر پنچایت سنگھواڑہ کے لال پور میں رہ کر تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ وہ سنگھواڑہ ہائی اسکول میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا اور گاؤں میں ایک انڈے کی دکان پر کام کر کے اپنے خاندان کی مدد بھی کرتا تھا۔ وہ دو بھائیوں میں بڑا تھا۔ اس کی اچانک موت سے والدہ پاروتی دیوی، چھوٹے بھائی ابھیشیک اور دیگر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔سمری تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ حادثہ زدہ ٹرک اور موٹر سائیکل کو پولیس نے ضبط کر لیا ہے اور معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے

