تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ریاض،28جولائی: آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور عالمی تجارتی راستوں پر اس کے ممکنہ اثرات کے باعث چین نے ایران کے ساتھ سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق بیجنگ نے تہران کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال پر اپنی تشویش رکھتا ہے اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔ذرائع کے مطابق چین، پاکستان کے تعاون سے امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کی بحالی اور سفارتی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ رابطے برقرار رکھنے اور اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاکہ ایرانی جوہری پروگرام، علاقائی سلامتی اور پابندیوں سمیت اہم معاملات پر دوبارہ بات چیت شروع ہو سکے۔
ادھر ایران نے واضح کیا ہے کہ جنگی کارروائیوں میں وقفے کے باوجود اس وقت واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ثالث ممالک امریکی پیغامات تہران تک پہنچا سکتے ہیں، تاہم امریکہ کے ساتھ کسی باضابطہ مذاکرات کا سلسلہ فی الحال جاری نہیں۔

