اے ایم یو میں ’ون مہوتسو‘ شجرکاری مہم کا افتتاح، سرسبز اور پائیدار کیمپس کے عزم کا اعادہ

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 28 جولائی: ماحولیاتی تحفظ کے تئیں اپنے دیرینہ عزم اور ملک کے سب سے سرسبز اقامتی کیمپس میں شمار ہونے والی اپنی شاندار روایت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی میڈیکل کالونی کے اے ٹائپ کوارٹرس کے قریب ”ایک پیڑ ماں کے نام“ قومی مہم کے تحت ”ون مہوتسو“ شجرکاری مہم کا افتتاح اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے علی گڑھ کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جناب شیوم کمار آئی ایف ایس بھی موجود تھے۔
یونیورسٹی کے شعبہ اراضی و باغات کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس مہم نے یونیورسٹی کی جانب سے سرسبز ماحول کے تحفظ اور طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں ماحولیاتی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کی۔ یونیورسٹی کا وسیع و عریض رہائشی کیمپس بے شمار گھنے درختوں، خوبصورت درختوں سے مزین شاہراہوں اور ماحولیات دوست اقدامات کے لئے طویل عرصے سے معروف ہے، جو صاف، صحت مند اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ آج لگایا جانے والا ہر پودا آنے والی نسلوں سے ایک عہد ہے۔ اے ایم یو نے ہمیشہ اپنی سرسبز روایات کو عزیز رکھا ہے اور ایسے اقدامات کے ذریعہ ہم اپنے طلبہ اور رہائشیوں کو قدرت کا ذمہ دار محافظ بننے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔
پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ سرسبز کیمپس نہ صرف حیاتیاتی تنوع کو فروغ دیتا ہے بلکہ صحت مند ذہنوں اور مضبوط کمیونٹیز کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ شجرکاری مہم ماحولیاتی پائیداری کے تئیں اے ایم یو کی اجتماعی ذمہ داری کی عکاس ہے۔
پروفیسر عاصم ظفر نے کہا کہ یہ اقدام صاف، سرسبز اور ماحولیات دوست اقامتی کیمپس کے ہمارے وژن کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ اے ایم یو برادری کے ہر فرد پر اس بیش قیمت ورثے کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔