تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 28 جولائی:۔ نیپال کے سنسری ضلع کے دیوان گنج میں تشدد کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ وراٹ نگر اور جنوبی سنسری میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ اتوار کی رات دیوان گنج میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کو گولی چلانا پڑی۔ اس دوران ایک مقامی باشندے کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں 21 دیگر افرادبھی زخمی ہوئے۔اس واقعے کے ردعمل میں پیر کو براٹ نگر میں مظاہرے پھوٹ پڑے، جس کے نتیجے میں منگل کو اسکول بند رہے۔ براٹ نگر میٹروپولیٹن میونسپلٹی کے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کو بند کرنے کا باضابطہ طور پر فیصلہ نہیں کیا تھا، لیکن سیکورٹی کے خطرات اور ٹریفک میں خلل کی وارننگ کی وجہ سے تعلیمی ادارے اپنے طور پر بند رہے۔شہر کے محکمہ تعلیم کے سربراہ رام پرساد ڈھونگیل کے مطابق، اسکولوں نے اسکول بسوں کیچلانے میں خلل آنے کی اطلاعات کے بعد کلاسیں معطل کردی ہیں۔ ڈھونگیل نے کہا، “شہر نے باقاعدہ طور پر اسکولوں کی چھٹی کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن اسکول اور کالج آج صبح سے بند ہیں۔ جب اسکول بسوں کو چلانا ناممکن ہوگیا تو ادارے بند کردیئے گئے۔”

