مغربی بنگال میں 16ویں مردم شماری کا آغاز، وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل خود اندراج کر کے دیا پیغام

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، یکم اگست: مغربی بنگال میں ہفتہ سے 16ویں مردم شماری کا آغاز ہو گیا۔ پہلی بار مردم شماری کے عمل میں خود اندراج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے ریاستی سیکریٹریٹ ناونا میں خود آن لائن اندراج کر کے اس مہم کا آغاز کیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے اس عمل میں بھرپور تعاون کریں اور یقین دلایا کہ کسی بھی شہری کی ذاتی معلومات کو مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے گا اور انہیں عوامی نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بار کی مردم شماری دو اعتبار سے منفرد ہے۔ پہلی مرتبہ پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ خود آن لائن اپنی معلومات درج کر سکیں۔ انہوں نے عوام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں خود اندراج کرنے اور مردم شماری کے عملے کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔
آن لائن خود اندراج کا پہلا مرحلہ 15 اگست تک جاری رہے گا۔ اس کے لیے شہری مردم شماری کے پورٹل پر جا کر تقریباً 10 منٹ میں اپنا فارم مکمل کر سکتے ہیں۔ اس دوران درخواست گزاروں کو رہائش، خاندان اور دیگر بنیادی معلومات سے متعلق 34 سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔