لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کی برسی پر مرکزی وزراء اور دیگر رہنماؤں کا خراجِ عقیدت

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم اگست: عظیم مجاہدِ آزادی، ممتاز قوم پرست مفکر اور ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے‘‘ کا تاریخی نعرہ دینے والے لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کی برسی کے موقع پر ہفتہ کو مرکزی وزراء اور دیگر رہنماؤں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کے لیے ان کی خدمات کو یاد کیا۔
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ لوک مانیہ تلک نے عوام کے دلوں میں مکمل سوراج کا جذبہ بیدار کیا اور برطانوی حکومت کے خلاف آزادی کی جدوجہد کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے ان کی بے مثال خدمات آئندہ نسلوں کو قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔
مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا نے لوک مانیہ تلک کو ہندوستان کی تحریکِ آزادی کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلک کی بے خوف شخصیت، قوم پرستانہ صحافت اور عوامی بیداری کی کوششوں نے کروڑوں ہندوستانیوں کو تحریکِ آزادی سے جوڑا۔ ان کا سوَدیشی تحریک، تعلیم کے فروغ اور قومی شعور کو مضبوط بنانے میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔