گوتم اڈانی نے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں 11 کروڑ روپے کا عطیہ دیا

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، یکم اگست: آسام میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ملک بھر سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ معروف صنعت کار گوتم اڈانی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں 11 کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں اچانک معلوم ہوا کہ گوتم اڈانی نے آسام کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے یہ خطیر رقم عطیہ کی ہے۔ ان کے مطابق اڈانی ہمیشہ تشہیر سے دور رہتے ہوئے خاموشی سے فلاحی کام انجام دیتے ہیں اور اس مرتبہ بھی انہوں نے صرف مالی تعاون ہی نہیں کیا بلکہ مختلف ذرائع سے وسائل فراہم کرکے ہزاروں متاثرہ خاندانوں تک بروقت امداد پہنچانے میں بھی خاموشی سے کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ گوتم اڈانی نے آسام کی ترقی کے سفر میں سرمایہ کاری کے ذریعے جس اعتماد اور عزم کا اظہار کیا، اسی جذبے کے ساتھ وہ آج مشکل کی اس گھڑی میں بھی ریاست کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسام کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اس انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام کے لیے وہ گوتم اڈانی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔