تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مرادآباد،یکم اگست: اترپردیش میں مراد آباد ضلع کے تھانہ صدر کوتوالی کے علاقے میں بدھ بازار کے محلہ ساگر سرائے میں واقع ایک موم بتی فیکٹری اور اس کے گودام میں جمعہ کی دیر رات زبردست آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے فیکٹری اور گودام کو پوری طرح اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کی گرمی اور دھواں قریبی گھروں تک پہنچنے لگا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکاراور گاڑیاں بلا تاخیر پہنچ گئیں۔ ضلع انتظامیہ، پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ مہم شروع کی۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تمام دستیاب فائر ٹینڈرز کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا گیا۔
فائر سروس، پولیس اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے رات بھر مسلسل آپریشن چلایا تاکہ آگ کو پھیلنے سے روکا جا سکے اور آس پاس کے علاقے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 50 سے زائد گاڑیوں کے پانی کا استعمال کیا گیا۔ انتظامیہ کی بروقت کارروائی، بہترین تال میل اور مسلسل مشترکہ آپریشن کے باعث رات 10 بجے کے قریب آگ پر قابو پا لیا گیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

