سٹی ایس پی کا سمری تھانہ کا اچانک معائنہ، زیرِ التوا مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ )  سٹی ایس پی اشوک کمار نے پیر کو سمری تھانہ کا اچانک معائنہ کیا اور تھانے کی کارکردگی، صفائی، دفتری نظام، ریکارڈ، مال خانہ، حوالات اور زیرِ التوا مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ تمام زیرِ التوا مقدمات کی تفتیش تیز کر کے مقررہ وقت کے اندر نمٹائے جائیں اور ریکارڈ کو ہر وقت تازہ رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے کسی بھی معاملے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ سٹی ایس پی نے رات کی گشت کو مزید مؤثر بنانے، حساس علاقوں میں کڑی نگرانی رکھنے، جرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی مہم چلانے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو عوام سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنے پر زور دیا۔ معائنے کے دوران اسلحہ، مال خانہ اور حوالات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سٹی ایس پی نے واضح کیا کہ امن و امان برقرار رکھنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اہلکار پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ اس موقع پر تھانہ انچارج اروند کمار، ایڈیشنل تھانہ انچارج ششی شنکر کمار، سب انسپکٹر پنّالال سنگھ، پوجا رانی، منوج شرما سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار موجود تھے