ترنمول کانگریس کے سابق رکن اسمبلی سنت ڈے گرفتار

تاثیر 08 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 8 اگست: نیہاٹی سے ترنمول کانگریس کے سابق رکن اسمبلی سنت دے کو پولیس نے ہفتہ کی صبح گرفتار کر لیا۔ پولیس نے انہیں شمالی 24 پرگنہ کے دتاپکر علاقے سے پکڑا اور پوچھ گچھ کے لیے نیہاٹی تھانے لے آئی۔ ان کے خلاف وصولی، مارپیٹ اور 2021 کے اسمبلی انتخابات کے بعد ہوئے تشدد سے متعلق کئی الزامات ہیں۔ پولیس ہفتہ کو انہیں بیرک پور عدالت میں پیش کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، سنت دے کے خلاف 2021 کے انتخابات کے بعد ہوئے تشدد اور مارپیٹ کے کئی معاملات درج ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں ان کی ہدایت پر وصولی کیے جانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ نیہاٹی میں بی جے پی اور ترنمول کارکنوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے بعض واقعات میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔ ان معاملات کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔
کچھ دن قبل پولیس نے سنت دے کے گھر پر بھی تلاشی مہم چلائی تھی۔ تاہم، اس وقت وہ گھر پر نہیں ملے تھے۔ اس کے بعد پولیس ان کی تلاش کر رہی تھی۔ ہفتہ کی علی الصبح تفتیشی افسران کو خفیہ اطلاع ملی کہ وہ دتاپکر علاقے میں موجود ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے وہاں چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے بعد پولیس سنت دے کو نیہاٹی تھانے لے آئی۔ ان کے تھانے پہنچنے کی خبر ملتے ہی بی جے پی کے کئی کارکن اور حامی وہاں پہنچ گئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سنت دے کے خلاف سخت کارروائی اور سزا کا مطالبہ کیا۔