تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مغربی سنگھ بھوم، 11 اگست:جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں نکسل مخالف مہم کو منگل کو ایک بڑی کامیابی ملی۔چائباسا میں واقع کولہان پولیس ہیڈکوارٹر میں جھارکھنڈ حکومت کی عسکریت پسندوں کے ہتھیار ڈالنے اور بازآبادکاری کی پالیسی سے متاثر ہو کر چار ہارڈ کور نکسلائیٹس نے اپنے ہتھیار پولیس اور مرکزی سیکورٹی فورسز کے حوالے کرکے مرکزی دھارے میں واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
ہتھیار ڈالنے والے نکسلیوں میں دس لاکھ روپے کا انعامی زونل کمانڈر سالوکا کیام عرف بھونیشور، ایک لاکھ روپے کے انعامی کودومنی کوڑا، انیتا تامسوئے عرف انیتا کیام اور پنکی شامل ہیں۔ خودسپردگی کے دوران نکسلیوں نے اپنے پاس موجود ہتھیار، گولہ بارود، اور نکسلی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان پولیس کے حوالے کر دیا۔
پروگرام کے دوران کولہان کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انورنجن کسٹوپا، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) چائباسا کے ڈی آئی جی، مغربی سنگھ بھوم کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) امت رینو، سرائیکیلا-کھرساواں کے ایس پی منوج سورگیاری کے ساتھ ساتھ دونوں اضلاع کے پولیس افسران اور مرکزی سیکورٹی فورسز کے افسران موجود تھے۔

