دربھنگہ میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت شاندار ترنگا یاترا

تاثیر 12 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ، 12 اگست: فنون، ثقافت و امورِ نوجوانان محکمہ، بہار اور ضلع انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت کڑپوری چوک سے لوہیا چوک تک شاندار ترنگا یاترا نکالی گئی۔ یاترا بَینٹا چوک اور لہریاسرائے ٹاور سے ہوتے ہوئے لوہیا چوک پہنچی۔ کڑپوری چوک پر جن نایک کڑپوری ٹھاکر اور لہریاسرائے ٹاور پر مہاتما گاندھی کی مورتی پر گلپوشی کی گئی۔یاترا میں بڑی تعداد میں عوامی نمائندوں، ضلع کے افسران، این سی سی، این ایس ایس، اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ اور ’میرا یوا بھارت‘ کے ارکان نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے شرکا نے عوام کو ’ہر گھر ترنگا‘ مہم سے جڑنے کا پیغام دیا اور پورا راستہ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نظر آیا۔اس موقع پر وزیرِ تعمیرات دربھنگہ کمار شیلندر نے آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے مجاہدینِ آزادی اور فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد ہندوستان میں اپنے قومی پرچم کو فخر کے ساتھ لہرا رہے ہیں۔شہری رکن اسمبلی و بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے کہا کہ ’ہر گھر ترنگا، ہر گاؤں ترنگا، ہر ادارہ ترنگا‘ کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لوگوں سے قومی تہواروں پر گھروں اور اداروں پر قومی پرچم لہرانے کی اپیل کی۔ضلع مجسٹریٹ کوشل کمار نے کہا کہ ترنگا ملک کی آزادی، وقار، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے۔ انہوں نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہر گھر پر ترنگا لہرائیں اور قومی پرچم کی آن، بان اور شان کو برقرار رکھیں۔یاترا میں کیوٹی کے ایم ایل اے مراری موہن جھا، میئر انجُم آرا، قانون سازکونسل ہری سہنی سمیت دیگر عوامی نمائندے، افسران پروگرام کا آغاز قومی گیت اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ اختتام بہار گیت کے ساتھ کیا گیا۔