گھاٹ کوپر میں پہاڑی کا ملبہ مکانات پر گرنے سے چھ افراد ہلاک

تاثیر 12 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 12 اگست:ممبئی کے مضافاتی علاقے گھاٹ کوپر کے اشوک نگر میں بدھ کی علی الصبح پہاڑی کا ایک حصہ اچانک دھنس گیا اور اس کا ملبہ گوسیا چال کے چھ مکانات پر جاگرا۔ حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید کئی افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ، این ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔
علاقائی پولیس ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثہ علی الصبح تقریباً سوا تین بجے پیش آیا۔ پہاڑی کا حصہ دھنسنے کے بعد بڑی مقدار میں ملبہ مکانات پر آ گرا، جس سے کئی گھر متاثر ہوئے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش شروع کی اور اب تک چھ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ حکام کے مطابق تقریباً چھ مزید افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث تلاش اور بچاؤ کی کارروائی تیز کردی گئی ہے۔