دوسرے مرحلے کی مردم شماری کے لیے 40 سوالات پر مشتمل سوالنامہ جاری

تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 اگست: مرکزی حکومت نے جمعہ کو مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے یعنی آبادی شماری کے لیے 40 سوالات پر مشتمل سوالنامہ نوٹیفائی کر دیا۔ اس مرحلے میں لوگوں کی گنتی کی جائے گی۔ پہلی بار مردم شماری کے دوران ذات سے متعلق معلومات بھی جمع کی جائیں گی۔ سوالنامے میں شہریوں کی ذاتی، سماجی، تعلیمی اور اقتصادی معلومات سے متعلق سوالات شامل ہیں۔ لوگوں سے کووڈ-19 ویکسینیشن، بینک اکاؤنٹس، آدھار، ووٹر شناختی کارڈ اور دیگر معلومات کے بارے میں بھی پوچھا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے تحت رجسٹرار جنرل و مردم شماری کمشنر کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن میں مردم شماری افسران کو خاندانوں سے 40 نکات سے متعلق معلومات جمع کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مردم شماری افسران اپنے مقررہ مقامی علاقے کی حدود میں رہنے والے افراد سے خاندانی شیڈول کے ذریعے ان سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں گے۔ سوالنامے میں فرد کا نام، خاندان کے سربراہ سے رشتہ، جنس، تاریخ پیدائش اور عمر، ازدواجی حیثیت اور شادی کے وقت عمر سے لے کر شوہر یا بیوی کے نام اور اعلان کردہ قومیت سے متعلق معلومات شامل ہیں۔