تاثیر 17 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 اگست: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیر کو مجاہد آزادی مدن لال ڈھینگرا کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدن لال ڈھینگرا کی زندگی بے مثال جرأت، غیر متزلزل حب الوطنی اور قربانی کی ایک متاثر کن داستان ہے۔اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنی جان کا عظیم ترین نذرانہ پیش کرنے والے مدن لال ڈھینگرا نے ایک خوشحال خاندان میں پیدا ہونے کے باوجود آسائشوں بھری زندگی کو ترک کرکے ملک کی آزادی کو اپنا سب سے بڑا مقصد بنایا۔انہوں نے کہا کہ مدن لال ڈھینگرا کی قربانی نے اس دور کے نوجوانوں میں آزادی، خودداری اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔ ان کی جرأت، قربانی اور عزم آج بھی نوجوان نسل کو وطن سے محبت اور ملک کے لیے قربانی کا حوصلہ فراہم کرتا ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد کی تاریخ میں 17 اگست کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہی وہ دن ہے جب عظیم انقلابی مدن لال ڈھینگرا نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کی تھی۔ ان کی شہادت ہندوستانی تحریکِ آزادی کے ان روشن ابواب میں شامل ہے جو آنے والی نسلوں کو وطن کے لیے قربانی، حوصلے اور عزم کی ترغیب دیتے ہیں۔مدن لال ڈھینگرا کی پیدائش 18 ستمبر 1883 کو امرتسر کے ایک معروف اور خوشحال خاندان میں ہوئی تھی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ انگلینڈ گئے، جہاں ان کا رابطہ ہندوستانی قوم پرست خیالات رکھنے والے افراد سے ہوا۔ اس وقت بیرونِ ملک مقیم کئی ہندوستانی نوجوان برطانوی حکومت کے خلاف آزادی کی تحریک کو آگے بڑھا رہے تھے۔ ڈھینگرا بھی ان خیالات سے متاثر ہوئے اور ہندوستان کی غلامی کے خلاف جدوجہد کا راستہ اختیار کیا۔

