تاثیر 19 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 19 اگست: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر دہلی کے سابق وزیر ستیندر جین کو گرفتار کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گرفتاریاں جرم دیکھ کر نہیں بلکہ سیاست کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ وہیں اسمبلی میں قائد حزب اختلاف آتشی نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا۔
اروند کیجریوال نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے ستیندر جین کی گرفتاری کے وقت پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جین کو امت شاہ کی ہدایت پر گرفتار کیا گیا۔
کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ایک افسر سے بات کی تھی۔ پہلے ستیندر جین کو گرفتار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، لیکن وزیر داخلہ امیت شاہ کے ایک فون کے بعد انہیں دوپہر میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب گرفتاری اس بنیاد پر نہیں ہوتی کہ کسی شخص نے جرم کیا ہے یا نہیں، بلکہ اس بنیاد پر ہوتی ہے کہ حکومت اگلا نشانہ کس کو بنانا چاہتی ہے۔

