ٹی ایم ٹی سلاخوں کی سپلائی کے نام پر 50 لاکھ کی سائبر دھوکہ دہی، ایک گرفتار

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہؤڑہ، 20/ اگست (محمد نعیم) ٹی ایم ٹی سلاخوں کی سپلائی کے نام پر مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے کی سائبر دھوکہ دہی کے معاملے میں ہاؤڑہ سٹی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ سنہاشیش منا عرف نیٹرو، ساکن دکشن میچگرام، پانشکورا، مشرقی مدنی پور کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے آن لائن حاصل کیے گئے ایک موبائل نمبر کے ذریعے ایک شخص سے رابطہ کیا، جس نے خود کو بروکر بتاتے ہوئے ٹی ایم ٹی سلاخیں فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ اس کی بات پر یقین کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے بطور ایڈوانس فراہم کردہ بینک اکاؤنٹ میں 50 لاکھ روپے منتقل کر دیے، تاہم نہ تو مطلوبہ سامان فراہم کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔
معاملے کی تفتیش کے دوران ہاؤڑہ سٹی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے پانشکورا تھانے کی مدد سے چھاپہ مار کر مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 20 لاکھ 40 ہزار روپے نقد، 17 ڈیبٹ کارڈ، دو سم کارڈ کے ساتھ ایک موبائل فون، جیو کے تین سیل بند غیر استعمال شدہ سم پیکٹ، چار استعمال شدہ جیو سم کارڈ اور ایس بی آئی کا ایک اصل چیک لیف برآمد کیا۔
پولیس کے مطابق مبینہ مستفید ہونے والے بینک اکاؤنٹ میں موجود مزید 25 لاکھ 98 ہزار روپے عدالت کے حکم پر ہولڈ کرائے گئے ہیں۔ اس معاملے میں پہلے ہی سات دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جو فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔ ہاؤڑہ سٹی پولیس نے کہا کہ سائبر جرائم کی روک تھام، دھوکہ دہی سے حاصل رقم کی بازیابی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔