تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 اگست:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کیے۔ دونوں ممالک نے ’جاپان-انڈیا اسپیشل اسٹریٹیجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ‘ کے تحت دفاعی تعاون کو مسلسل مضبوط بنانے کا خیرمقدم کیا۔ دونوں وزرا نے آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے قیام کے لیے اپنی قیادت میں دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دو طرفہ مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان دونوں ممالک کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال کے جائزے کا باہمی تبادلہ ضروری ہے۔ دونوں نے نیویگیشن اور فضائی حدود سے گزرنے کی آزادی و سلامتی میں رکاوٹ ڈالنے والی کسی بھی یکطرفہ کارروائی کے ساتھ ساتھ طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کی۔

