تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی ( مظفر عالم)
پُوپری تھانہ حلقہ کے بھٹّھا گاؤں کے وارڈ نمبر 6 میں تقریباً 70 سالہ سوگارتھ ساہ کے مشتبہ حالات میں قتل کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بزرگ کو قتل کرنے کے بعد لاش گاؤں کے سَرےہ میں واقع ایک چھوٹے تالاب میں پھینک دی گئی۔
صبح سویرے سَرےہ کی طرف گئے مقامی لوگوں کی نظر تالاب میں پڑی لاش پر پڑی تو پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی پُوپری تھانہ انچارج رام شنکر کمار، ایڈیشنل ایس پی سونیتا کماری سمیت پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سیتامڑھی بھیج دیا۔
تیز دھار ہتھیار سے حملے کا شبہ، پولیس تفتیش میں مصروف
ابتدائی معلومات کے مطابق بزرگ کے قتل میں تیز دھار ہتھیار کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم موت کی اصل وجہ، قتل کا وقت اور واقعے کی مکمل حقیقت پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تفتیش کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ اس واقعے کا سب سے اہم پہلو مقتول کے گھر میں چوری کی واردات کا سامنے آنا ہے۔ جس مقام پر سوگارتھ ساہ کی لاش ملی، وہ ان کے گھر سے کافی دور بتایا جا رہا ہے۔ ایسے میں پولیس اور مقامی لوگوں کے ذہن میں کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کیا گھر میں ہوئی چوری اور بزرگ کے قتل کا آپس میں کوئی تعلق ہے؟ یا پھر دونوں واقعات الگ الگ ہیں؟ فی الحال ان سوالات کا جواب پولیس تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
جائے وقوعہ پر تھانہ انچارج رام شنکر کمار کے علاوہ ایس آئی رنجیت کمار، ہیرا بھارتی سمیت کئی پولیس افسران موجود رہے۔ پولیس ٹیم نے آس پاس کے لوگوں سے تحقیقات شروع کر دی ہے اور واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ تھانہ انچارج رام شنکر کمار نے مقتول کے اہل خانہ کو یقین دلایا ہے کہ معاملے کا جلد از جلد انکشاف کیا جائے گا اور قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

