تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 21 اگست: پرائم ویڈیو نے اپنی آنے والی پرائم اوریجنل فلم ’ببیتا سنگھ رپورٹنگ‘ کے عالمی پریمیئر کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ فلم کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ امبیکا پنڈت کی ہدایت کاری اور امیتا ویاس کی تحریرکردہ اسکرپٹ سے بننے والی یہ انویسٹی گیٹو ڈراما فلم 28 اگست 2026 کو دنیا بھر میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔
فلم کو اسکواڈ پروڈکشنز نے ایکٹ تھری کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ سوربھ ملہوترا، منوج مترا اور ٹینا تھروانی اس کے پروڈیوسرز ہیں، جبکہ سدھیپ شرما ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں نمشا سجائن، برون سوبتی اور انشومان پشکر اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
ایک ہندوستانی شہر کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی معطل پولیس افسر ببیتا کے گرد گھومتی ہے، جنہیں پیار سے ’بیبی‘ کہا جاتا ہے۔ بچپن کے ایک دوست کے قتل کے بعد ان کی زندگی مکمل طور پر بدل جاتی ہے۔ببیتا اپنے دوست کے قتل کی حقیقت سامنے لانے کے لیے خود تحقیقات شروع کرتی ہیں۔ اس دوران انہیں اپنے ماضی، رشتوں اور اپنی شناخت سے متعلق کئی پیچیدہ سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

