وزیر اعظم نے خلائی شعبے کے 20اسٹارٹ اپس کے سی ای او اور بانیان کے ساتھ بات چیت کی

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو سیوا تیرتھ میں خلائی شعبے کے 20 ہندوستانی اسٹارٹ اپس کے سی ای او اور بانیان کے ساتھ بات چیت کی۔ بات چیت خلائی شعبے میں ہندوستانی نجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں، ہندوستانی خلائی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ اور خلائی شعبے میں مستقبل کے امکانات پر مرکوز رہی ۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ، میٹنگ میں راکٹ مینوفیکچرنگ، دوبارہ قابل استعمال خلائی جہاز اور لانچ وہیکلز، سیٹلائٹس، خلائی سے متعلقہ الیکٹرانک سسٹمز، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے راکٹ انجن کی تیاری، خلائی اور دفاع سے متعلق معلومات، خلائی ملبے کو ہٹانے اور مقامی موسمیاتی معلومات فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اسٹارٹ اپس کے سربراہان نے شرکت کی۔
اسٹارٹ اپ سربراہان نے خلائی شعبے میں نجی کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے صنعت کے لیے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کے کئی ممالک کی کمپنیاں ہندوستانی نجی خلائی کمپنیوں کی تیار کردہ ٹیکنالوجی کو اپنانے اور استعمال کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔