جموں و کشمیر میں بجلی صارفین کے مالی بوجھ میں اضافہ ، الکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے قیمتوں میں اضافے کو منظوری دی

تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 22 اگست: جموں و کشمیر میں بجلی صارفین کو یکم ستمبر سے اضافی بجلی بل ادا کرنا ہوگا۔ جوائنٹ الکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (جے ای آر سی) نے مالی سال 27-2026 کے لیے جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) اور کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے بجلی کی نئی قیمتوں کو منظوری دے دی ہے۔نئی قیمتوں کے تحت بجلی کی اوسط قیمت میں 6.83 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو یکم ستمبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک نافذ رہے گا۔میٹر والے گھریلو صارفین کے لیے 200 یونٹ تک بجلی کی شرح 2.45 روپے فی یونٹ، 201 سے 400 یونٹ تک 4.20 روپے اور 400 یونٹ سے زائد استعمال پر 4.60 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 10 روپے فی کلوواٹ ماہانہ مقررہ محصول بھی وصول کیا جائے گا۔
غریب گھرانوں اور چھوٹے زرعی صارفین کے لیے رعایتی نرخ برقرار رکھے گئے ہیں۔ 30 یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے اہل بی پی ایل صارفین کو 1.40 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوگا، جبکہ 20 ہارس پاور تک کے زرعی کنکشن کے لیے بجلی کی شرح 1.05 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔