دہلی بی جے پی نے آنجہانی ارون جیٹلی کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا

تاثیر 24 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 24 اگست: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر خزانہ، پدم وبھوشن ارون جیٹلی کی برسی کے موقع پر پیر کو دہلی بی جے پی دفتر اور سری فورٹ واقع ارون جیٹلی پارک میں خراجِ عقیدت کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس دوران بی جے پی رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور کارکنوں نے انہیں جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دہلی بی جے پی دفتر میں ریاستی صدر ہرش ملہوترا اور اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے ارون جیٹلی کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس کے بعد ریاستی عہدیداروں نے بھی پھول پیش کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سری فورٹ واقع ارون جیٹلی پارک میں ان کے اہل خانہ کی جانب سے منعقدہ خراجِ عقیدت پروگرام میں آر ایس ایس کے سرکاریہ واہ دتاتریہ ہوسبلے، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترن جیت سنگھ سندھو، دہلی بی جے پی صدر ہرش ملہوترا، بی جے پی کے شریک تنظیمی جنرل سکریٹری شیو پرکاش اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات نے جیٹلی کے مجسمے پر پھولوں کی مالا چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر دہلی بی جے پی صدر ہرش ملہوترا نے کہا کہ ارون جیٹلی صرف سابق وزیر خزانہ ہی نہیں بلکہ ایک پُرجوش مقرر، ماہر تنظیم ساز اور سب کے دوست تھے۔ سیاست میں ان کے مخالفین بھی ان کی بات احترام سے سنتے تھے، کیونکہ ان کے دلائل حقائق پر مبنی اور گفتگو میں خلوص ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ جیٹلی نے ہندوستانی معیشت کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ جی ایس ٹی، دیوالیہ پن کے قانون اور بینکنگ اصلاحات جیسے تاریخی فیصلوں میں ان کی دوراندیش قیادت نمایاں نظر آتی ہے۔ مشکل حالات میں وہ حکومت اور پارٹی کے لیے مضبوطی سے کھڑے رہتے تھے۔