تاثیر 26 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 26 اگست: ڈی آر ڈی او نے لداخ میں دنیا کے سب سے زیادہ بلندی والے ڈراپ زونز میں سے ایک پر اپنے ملٹری کومبیٹ پیراشوٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ آزمائش جنوب مشرقی لداخ کے نیومہ-مُدھ ڈراپ زون میں کی گئی، جہاں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ تین ٹیسٹ جمپرز نے 22 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور 13,700 فٹ کی بلندی پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ اس دیسی نظام کے ذریعے ہندوستانی مسلح افواج کو 25 ہزار فٹ سے زیادہ کی بلندی پر تعینات کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی، جس سے غیر ملکی انحصار کم ہوگا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق دیسی ملٹری کومبیٹ پیراشوٹ سسٹم (ایم سی پی ایس) ایک جدید ترین پیراشوٹ نظام ہے، جسے دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی آگرہ واقع ایئر ڈلیوری ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ (اے ڈی آر ڈی ای) اور بنگلورو واقع بی ای ایم ایل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ ہندوستانی مسلح افواج کے استعمال میں آنے والا واحد ایسا پیراشوٹ نظام ہے جو 25 ہزار فٹ سے زیادہ کی بلندی سے آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے 32 ہزار فٹ تک کی بلندی سے کامیابی کے ساتھ آزمایا جا چکا ہے۔

