تاثیر 27 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 27/ اگست (تاثیر بیورو) عید میلادالنبی ﷺ کے پُرمسرت موقع پر کافور گلی موڑ پر مسلم لاء کونسل کے زیر اہتمام ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی افراد، سماجی و سیاسی کارکنان اور معززین نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مسلم لاء کونسل کے روحِ رواں مولانا منصور قادری نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ ہمارے لیے محض جشن کا نہیں بلکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، تعلیماتِ عالیہ اور انسانیت کے لیے آپؐ کے پیغام کو عام کرنے کا موقع ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنی زندگی کا عملی نمونہ بنائیں اور معاشرے میں امن، بھائی چارہ، محبت اور اتحاد کو فروغ دیں۔
مسلم لاء کونسل کے میڈیا ترجمان ابوالحسن انصاری نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمت کا پیغام لے کر ہوئی۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ جبکہ تاج عالم نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ہمیں آپ ﷺ کی سیرت و کردار کو یاد کرتے ہوئے محبت، اخوت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مضبوط کرنا چاہیے۔
تقریب میں محمد ابرار، خورشید عالم، شاداب حبیبی، محمد سمیر، محمد چاند، محمد سلطان (منا) سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات اور مقامی افراد موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے لیے دعا کی گئی۔

