کالج میں طلبہ کے مفادات کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسمبلی رکن گوپال کمار اگروال

تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

محمد حسین آزاد نیشنل ڈگری کالج کے پروفیسر حسیب عالم کو پرنسپل کے عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی.
پرنسپل ابرار عالم کو شوکاز نوٹس جاری، ایڈہاک کمیٹی نے تین دن کے اندر وضاحت طلب کی۔
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
محمد حسین آزاد نیشنل ڈگری کالج کے پرنسپل ابرار عالم کو لے کر جاری تنازع نے منگل کے روز اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا، جب کالج کی ایڈہاک کمیٹی کی میٹنگ میں پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بتایا گیا کہ پرنسپل کے خلاف مسلسل طلبہ و طالبات اور مقامی سطح پر ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ گزشتہ روز مقامی طلبہ و طالبات اور سماجی افراد نے کالج احاطے میں احتجاج کرتے ہوئے پرنسپل ابرار عالم کا پتلا نذرِ آتش کیا تھا۔ ساتھ ہی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت انتظامی افسران سے پرنسپل کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اسی معاملے کو لے کر منگل کے روز کالج کی ایڈہاک کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ایڈہاک کمیٹی کے سکریٹری کم سب ڈویژنل آفیسر، کشن گنج، صدر کم رکن اسمبلی گوپال کمار اگروال، یونیورسٹی نمائندہ جمیل الرحمٰن (پرنسپل، نہرو کالج، بہادر گنج)، ٹیچر نمائندہ پروفیسر دلیپ یادو اور انتظامی افسر کم بی ڈی او، ٹھاکر گنج موجود رہے۔ میٹنگ میں پرنسپل ابرار عالم سے تین دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ میٹنگ کے بعد فوری اثر سے کالج کے سینئر پروفیسر حسیب عالم کو پرنسپل کے عہدے کی ذمہ داری سونپتے ہوئے کالج کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ دوسری جانب ایڈہاک کمیٹی کے صدر کم رکن اسمبلی گوپال کمار اگروال نے کہا کہ کالج کے انتظام و انصرام اور تعلیمی نظام کو بہتر طریقے سے چلانا کمیٹی کی اولین ترجیح ہے۔ پرنسپل کی جانب سے پیش کی جانے والی وضاحت کی بنیاد پر آئندہ کی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کالج میں طلبہ کے مفادات کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کالج کے نظام میں بہتری کے لیے کمیٹی کی جانب سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وہیں، سینئر پروفیسر حسیب عالم کو کالج کی ذمہ داری سونپے جانے پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما مشتاق عالم، منصور عالم، پروفیسر روشن جمیل، پروفیسر ساجد اشرف، پروفیسر نعیم، پروفیسر شاکر، پروفیسر کمال، لال محمد، رزاق، طلبہ رہنما شوریہ کمار، عبدالجلیل مستان، محمد ظہور رضوی، کانگریس رہنما محمد سلیم، محمد سرفراز سمیت سیکڑوں طلبہ و طالبات اور کالج کے ملازمین نے انہیں مبارکباد پیش کی۔