تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 03 ستمبر: مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے جمعرات کو دہلی میں ہمالیائی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گلیشیئر لیک آوٹ برسٹ (جی ایل او ایف) اور برفانی تودہ گرنے کے خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کے لئے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں نیپال میں جی ایل او ایف کی وجہ سے سیلاب آیا تھا جس میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔امور داخلہ کے سکریٹری نے واضح کیا کہ جی ایل او ایف اور برفانی تودے سے نمٹنے کی حکمت عملی صرف ردعمل پر مبنی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے خطرے سے آگاہی کی منصوبہ بندی، احتیاطی تدابیر اور کمیونٹی کی سطح پر تیاری پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے ریاستوں کو 2024 میں منظور شدہ مرکزی حکومت کے جی ایل او ایف سے نمٹنے کے پروجیکٹ کے نفاذ میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی ۔

