ہری نارائن سنگھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچرس ایجوکیشن سہسرام ​​نے دھوم دھام سے منایا یوم اساتذہ

تاثیر 05 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

         سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آج مورخہ 5 ستمبر 2026 کو مقامی ہری نارائن سنگھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچرس ایجوکیشن میں کلچرل کمیٹی اور نیشنل سروس اسکیم یونٹ کی مشترکہ سرپرستی میں یوم اساتذہ کے موقع پر ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پرنسپل ڈاکٹر وندنا کماری نے تربیت حاصل کرنے والوں اور پروفیسروں سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ صرف کتابی علم ہی نہیں دیتے بلکہ معاشرے اور قوم کے مستقبل کی تشکیل کرتے ہیں، عظیم ماہر تعلیم ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کی زندگی کی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے انھوں نے مستقبل کے تمام اساتذہ کو انکے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دی ۔ پرنسپل نے اپنے خطاب میں یہ بھی واضح کیا کہ ایک استاذ نہ صرف مختلف شکلوں کا خالق ہوتا ہے بلکہ انسانی رشتوں کا معمار بھی ہوتا ہے کبیرداس کا اقتباس، “گرو گووند دو کھڈے، کاکے لگن پائے۔ بلیہاری گرو اپنے، گووند دیو بتائے”۔ انھوں نے اپنی تقریر کا اختتام مستقبل کے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا ۔ اپنے خطاب میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر ڈی کے دویدی نے اساتذہ کی بدلتی ذمہ داریوں اور جدید تعلیم میں انکی اہمیت پر روشنی ڈالی، انھوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد وہ ہوتا ہے جو طلباء کے اندر چھپی صلاحیتوں کو پہچانے اور انکی صحیح سمت میں رہنمائی کرے ۔ یہ پروگرام کلچر سیل اور نیشنل سروس اسکیم یونٹ کے مشترکہ زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا ۔ پروگرام کا انعقاد جناب پردیپ کمار موریہ کی ہدایت میں کیا گیا ۔ پروگرام کی خاص بات طلباء کی جانب سے پیش کئے گئے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام تھے ۔ پورے اسٹیج کی کامیاب نظامت انوپما پٹیل اور انوج کمار نے کی، دونوں اعلان کنندگان نے اپنی بہترین شاعری اور اچھی ترتیب والے مکالموں سے پورے پروگرام کو مسحور کر دیا، سامعین سے کافی داد وصول کی ۔ تربیت پانے والوں نے گرو وندنا، رقص اور تقاریر کی دلکش پرفارمنس پیش کی ۔ آخر میں تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان ہوا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر وکاس کمار ترپاٹھی، مسٹر ستیندر پرساد کھروار، مسٹر راج کمار، مسٹر دیپک کمار، مسٹر امیت کمار، محترمہ نیتا سنگھ کے ساتھ تمام معزز ممبران اور زیر تعلیم ٹرینی طلباء و طالبات موجود تھے ۔