ضلع اردو زبان سیل، سوپول کے زیرِ اہتمام ضلع سطحی اردو مباحثہ مقابلہ کا انعقاد

تاثیر 05 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سوپول (محمد ابوالمحاسن ( محکمہ کابینہ سکریٹریٹ اردو ڈائریکٹوریٹ، پٹنہ کی اردو طلبہ حوصلہ افزائی ریاستی اسکیم‘‘ کے تحت ضلع اردو زبان سیل، سوپول کے زیرِ اہتمام ضلع سطحی اردو مباحثہ مقابلہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کا آغاز موجود تمام مہمانان، معززین اور طلبہ کی جانب سے احتراماً کھڑے ہوکر قومی گیت اور قومی ترانے کی ادائیگی سے ہوا۔ اس کے بعد معزز مہمانوں کے ہاتھوں شمع روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب ساون کمار، ضلع مجسٹریٹ، سوپول سمیت دیگر معزز مہمانوں کا پودا پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع اردو زبان سیل کے انچارج جناب انوراگ کمار نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اردو زبان کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ ضلع مجسٹریٹ جناب ساون کمار نے اپنے صدارتی خطاب میں بہار حکومت کی ’’اردو زبان طلبہ حوصلہ افزائی ریاستی اسکیم‘‘ کی اہمیت اور خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کو صرف مقابلوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔ انہوں نے اردو زبان کی ہمہ جہت خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کے اس پروگرام میں آپ کا وقت ضائع نہیں ہو رہا ہے، بلکہ آپ یہاں سے علم، ادب اور ثقافت کا ایک انمول خزانہ لے کر جا رہے ہیں اس کے بعد مباحثہ مقابلے کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مقابلہ گریجویشن، انٹر اور میٹرک تین زمروں میں منعقد کیا گیا۔ گریجویشن زمرے میں طلبہ نے اردو صحافت، اس کی تاریخ، تاریخی پس منظر، تحریکِ آزادی میں اردو کے عظیم کردار اور موجودہ دور میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انٹر زمرے میں طلبہ نے ’’اردو زبان کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر اردو کی تاریخ، تحریکِ آزادی میں اس کے کردار اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت کو خوبصورتی سے پیش کیا۔ میٹرک زمرے کے طلبہ نے ’’تعلیم کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر پُرجوش تقاریر پیش کرتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں تعلیم اور اردو زبان کے کردار کو اجاگر کیا مقابلے میں شفافیت اور غیر جانب داری برقرار رکھنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان نے تمام طلبہ کی تقاریر کا جائزہ لیا۔ اوسط حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر تینوں زمروں سے کامیاب ہونے والے آٹھ، آٹھ طلبہ، مجموعی طور پر 24 طلبہ کو انعامی رقم، میڈل اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر مقررین نے کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ اور نئی نسل میں اردو سے محبت پیدا کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرام نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہیں۔