تاثیر 09 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع میں آج رقم تنازعہ معاملہ میں ایک خاتون کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ واقعہ ڈہری نگر تھانہ علاقہ کے چونا بھٹہ لال گنج علاقہ میں پیش آیا ۔ متوفی خاتون کا نام پرمیلا دیوی عمر 52 سال ہے جو لال گنج کے چونا بھٹہ کے رہنے والے مرحوم منیجر داس چندرونشی کی بیوی ہے ۔ متوفی خاتون کے دو بیٹے 19 سالہ مکیش کمار اور 22 سالہ متھیلیش کمار بھی اس واقعے میں زخمی ہوئے ۔ متاثرہ کے اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے قتل کرنے سے پہلے انکے بیٹے مکیش کمار کو بھی بری طرح زدوکوب کیا ۔ زخمی بیٹے نے بتایا کہ منگل کی رات بازار سے گھر لوٹتے وقت گاؤں کے بھانو یادو، جتیندر یادو اور دیگر لوگوں نے مجھے گھیر لیا اور شراب پینے کے لئے روپئے مانگے جب انکار کیا تو انھوں نے مجھے مارا پیٹا اور نہر میں ڈھکیل دیا تاہم نہر میں تیر کر بھاگنے میں کامیاب ہوئے ۔ متاثرہ کے خاندان کا یہ بھی الزام ہے کہ بھانو یادو آٹھ سے دس لوگوں کے ساتھ گھر پہنچا اور سب پر لاٹھیوں سے حملہ کیا، جس سے سبھی کو شدید چوٹیں آئیں مگر متذکرہ خاتون موقع پر ہی فوٹ کر گئی ۔ ڈہری پولس نے واقعہ کی اطلاع دیتے ہوئے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے صدر اسپتال سہسرام بھیجا ۔ پولس کے مطابق دو دوستوں کی لڑائی میں خاتون کی موت مشکوک حالت میں ہوئی، متاثرہ خاندان کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ واضح ہوسکیگی اور مزید کارروائی کی جا سکیگی ۔

