تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پونے، 11 ستمبر : لوہگاؤں میں واقع پونے ایئرپورٹ پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کم کرنے کے مقصد سے پرانی ٹرمینل عمارت کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ تقریباً 4 ہزار 75 مربع میٹر رقبے میں اس ٹرمینل کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ یہاں مسافروں کے لیے 14 چیک ان کاؤنٹر، جدید سکیورٹی نظام اور ڈیجی یاترا کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ٹرمینل کو باقاعدہ طور پر شروع کرنے کے لیے ضروری فائر این او سی اور او آر ٹی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل ہوچکے ہیں۔ اب صرف بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی کی حتمی منظوری باقی ہے۔ مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت مرلی دھر موہول نے بتایا کہ منظوری ملتے ہی اس ٹرمینل کو مسافروں کے استعمال کے لیے کھول دیا جائے گا۔ مرلی دھر موہول نے لوہگاؤں میں پرانی ٹرمینل عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا اور اس دوران منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں معلومات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرمینل کو فعال کرنے کے سلسلے میں ریاستی فائر بریگیڈ محکمہ کی جانب سے 9 مئی 2026 کو فائر این او سی جاری کی گئی تھی۔

